ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مفتی باقر ارشد آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کے صدر منتخب

مفتی باقر ارشد آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کے صدر منتخب

Wed, 03 Oct 2018 11:25:25    S.O. News Service

بنگلورو،3؍اکتوبر (ایس او نیوز) آل انڈیا ملی کونسل کرناٹک کی جنرل باڈی میٹنگ میں نئی کمیٹی تشکیل پائی ۔جس میں مفتی باقرارشدکو کو تین سالہ مدت کیلئے متفق رائے سے صدر منتخب کرلیا گیا۔ سید شاہد احمد جنرل سکریڑی اور عاصم سیٹھ کو دوبارہ خازن منتخب کیا گیا۔ آل انڈیا ملی کونسل کے صدر ڈاکٹر منظور عالم مشاہد کی حیثیت سے شریک تھے۔ اور مولانا رفاعی کو پورے ملک کی کمیٹیوں کی تنظیم نو کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انہوں نے کرناٹک میں کمیٹی کی تشکیل جدید کی ذمہ داری نبھائی ۔ کمیٹی کے تین سرپرست بھی نامزد کئے گئے ۔ان میں امیر شریعت کرناٹک ۔مولانا صغیر احمد رشادی ۔ سبکدوش صدر مولانا اعجاز احمد ندوی اور مولانا عبدالغفور باقوی شامل ہیں۔ کمیٹی میں پانچ نائب صدور کا بھی اتفاق رائے سے انتخاب عمل میں آیا ۔ان میں روزنامہ پاسبان کے ایڈیٹر اور کانگریس لیڈر عبیداللہ شریف۔ مولانا تاج الدین بندہ نوازی۔ مولانا حبیب الرحمن صدیقی۔ مولانا نوشاد عالم قاسمی اور آغا سلطان شامل ہیں۔ جمیل احمد اور محمد فاروق اسسٹنٹ سکریٹری کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔ ملی کونسل کے دیگر شعبہ جات کیلئے بھی سکریڑی کی حیثیت سے نامزد گی عمل میں آئی شعبہ اصلاح معاشرہ کیلئے مولانا اظہر۔ دینی تعلیم ودعوت تبلغ کیلئے ۔مولانا معیز ندوی۔ شعبہ صحافت کیلئے عبدالخالق۔ شعبہ حقوق انسانی کیلئے سید شفیع اللہ۔ شعبہ تحقیق وتجزیہ کیلئے سید افسر قادری ۔عصری تعلیم کیلئے جے شفیع اللہ شعبہ سماجی خدمت کیلئے حسین شریف شامل ہیں۔ صدر منتخب مولانا باقرار شد نے صدر کے انتخاب پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ملی کونسل ایک پلاٹ فارم ہے۔ سب کو رائے دینے کا حق حاصل ہے ۔انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ سب کے تعاؤن سے اس کو نبھائیں گے۔سبکدوش صدر مولانا اعجاز احمد ندوی نے کہاکہ ملی کونسل ایک مضبوط پلاٹ فارم ہے۔ انہوں نے چار سال کی مدت کے دوران قریب سے رہ کر اس کو محسوس کیا ہے۔ اس موقع پر عبیداللہ شریف نے آنے والے پارلیمنٹ الیکشن میں مسلمانوں کی ذمہ داری کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ ووٹرلسٹ میں ناموں کا اندراج ضروری ہے۔ اور کہاکہ سرکاری مشنری میں ایسے افسران بیٹھے ہیں جو ووٹر لسٹ سے مسلمانوں کے ناموں کو کاٹنا ان کیلئے مشکل نہیں ہے۔ مسلمانوں سے ہمددری جتانے والی سیاسی پارٹیوں کو ا س کی جانب توجہ دینا چاہئے ۔ آغا سلطان نے اپنے تاثرات میں کہاکہ مسلمانوں کو ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے علاوہ پولنگ میں زیادہ حصہ لینے کی ترغیب بھی دلائی جانی چاہئے۔ اور جمعہ کے خطبات کے ذریعہ بھی بیداری پیدا کی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر جنتادل لیڈر محیط الطاف نے کہاکہ اگلے پارلیمانی انتخابات میں کم از کم پانچ مسلمانوں کو ٹکٹ ملنا چاہئے اور ان حلقوں کی نشاندہی کاکام ابھی سے ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر جنتادل لیڈر شفیع اللہ نے کہاکہ کانگریس اور جنتادل کے لیڈروں کو اس بات پر آمادہ کرنا چاہئے کہ پارلیمنٹ الیکشن دونوں پارٹیوں کے گٹھ جوڑ سے ہو۔اس موقع پر آل انڈیا ملی کونسل کی طرف سے مختلف عہدوں پر فائز شخصیات کو تہنیت پیش کی گئی ۔ ان میں رکن پارلیمان سید ناصرحسین ۔رکن کونسل نصیر احمد۔ اُردو اکادمی کے چیرمین مبین منور ، بارکونسل کے رکن اڈوکیٹ آصف علی۔ وقف اڈوائزی کمیٹی بنگلور اربن کے چیرمین سید شاہد احمد۔ کرناٹک حکومت کی طرف سے نامزد خصوصی نمائندہ برائے دہلی محیط الطاف شامل ہیں۔ ملی کونسل کے اجلاس کے آغاز پر سلیمان خان نے ملی کونسل سے وابستہ افراد کے انتقال پر انہیں تعزیت اداکی اور ان کے حق میں دعا کی گئی ۔ ان میں امیر شریعت مفتی محمد اشرف علی۔ عبدالوہاب خلجی۔ قمرالاسلام ۔ مدیر آغا۔ مولانا زکریا والا جاہی۔ انور شریف ۔ عتیق احمد۔ الحاج مقبول احمد وغیرہ شامل ہیں۔


Share: